بھٹکل:13/فروری (ایس او نیوز)اتی کرم زمین پرگھرتعمیر کئے جانے کےالزام میں گرفتار شدہ ملزم کو فوریسٹ افسران تعلقہ سرکاری اسپتال میں میڈیکل ٹسٹ کرانے کے بعد عدالت میں پیشی کو لے جانے کی تیاری میں تھے ، جب ملزم گاڑی میں سوارہونے والا تھا کہ اچانک 10سے زائد لوگوں کا ایک گروپ ہنگامہ خیزی کرتے ہوئے ملزم کو لے کر فرار ہوگئے۔ یہ واقعہ پیر کو پیش آیا ہے۔
ملزموں کی شناخت شری پاد کنچگار ، نٹراج نائک تلاند، مادیو، ستیش ، کرشنا نائک ودیگر کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ تعلقہ کے تلاند علاقہ کی فاریسٹ زمین سروے نمبر 143پر غیرقانونی طورپر گھر تعمیر کئے جانے کا الزام لگاتے ہوئے فاریسٹ آفیسران نے اُدئیے کنچگار نامی فرد کو گرفتارکیا تھا۔ اس سلسلے میں ملزم کے بھائی کو اطلاع دے کر دستخط لینے کی بات افسران نے بتائی ہے۔ معاملے کو لےکر ایف آئی آر تیارکرنے کے بعد ملزم اُدئیے کنچگار کو لے کر میڈیکل ٹسٹ کے لئے سرکاری اسپتال پہنچے تھے اسپتال میں جانچ ختم کرکے فاریسٹ افسران عدالت لےجانے کی تیاری میں تھے کہ 10سے زائد لوگوں پرمشتمل ایک گروہ نے سرکاری اسپتال کے صحن میں ہنگامہ خیزی کرتے ہوئے فاریسٹ افسران کے ساتھ جھگڑنا شروع کردیا۔ بتایا گیا ہے کہ اس موقع پر ملزم کے ساتھ صرف 4 فوریسٹ کے اہلکار تھے۔جس کی وجہ سے فوریسٹ والوں کو ان لوگوں کا سامنا کرنا مشکل ہوگیا۔ بتایا گیا ہے کہ اس دوران اُن لوگوں نے ملزم کو اپنی طرف کھینچ لیا اور سواری پر بیٹھ کر وہاں سے فرار ہوگئے ۔
ملزموں کے خلاف ہنگامہ خیزی اور فرائض میں مداخلت کےتحت کیس درج کرلیا گیا ہے۔ معاملے کو لے کر عدالت کو اطلاع دی گئی ہے۔ بھٹکل شہری پولس تھانے میں کیس درج کیا گیاہے، جانچ جاری ہے۔